ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان، صاحبزادہ فرحان کپتان مقرر

مردوں کے ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلے 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں شروع ہوں گے

ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

ایشین گیمز 2026 میں مردوں کے ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلے 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں شروع ہوں گے جبکہ تمغوں کے مقابلے 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ 30 سالہ صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا جبکہ عبدالصمد نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

صاحبزادہ فرحان پاکستان کی جانب سے 46 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 1305 رنز بنا چکے ہیں جن میں دو سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ پاکستان کے لیے ٹی 20 انٹرنیشنل سطح پر نمائندگی کے منتظر ہیں۔

ایشین گیمز اسکواڈ میں شامل 15 میں سے 14 کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے نیشنل کرکٹ اکیڈمی وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہوں گے۔ ایشین گیمز 2026 میں مردوں کا کرکٹ ایونٹ جاپان کے آئیچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ:

صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان۔

Load Next Story