کراچی، فائرنگ کے واقعات میں کمسن لڑکے سمیت 3 افراد زخمی
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گولی لگنے کے تین الگ الگ واقعات میں ایک کمسن لڑکے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
چھیپا ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے کمار واڑہ میں کوئٹہ ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 16 سالہ محمد شاہزین ولد صفدر ایوب زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ٹیم نے زخمی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا۔
دوسرا واقعہ کورنگی کے علاقے الیاس گوٹھ پیلی ٹینکی کے قریب پیش آیا جہاں گھر میں گن صاف کرتے ہوئے اچانک گولی چل گئی جس کے نتیجے میں 20 سالہ آصف ولد عبدالرحمان زخمی ہو گیا۔ اسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسی علاقے الیاس گوٹھ میں کیف کنارہ ہوٹل کے قریب ایک اور واقعے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 35 سالہ محمد راشد ولد محمد رفیق زخمی ہو گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح اسپتال منتقل کر دیا۔