’آؤ میں تمہیں زمزم پلاتا ہوں‘ تیزاب گردی کا ایک اور افسوس ناک واقعہ، فوٹیج سامنے آگئی
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ملزم نے متاثرین پر زمزم پلانے کے نام پر تیزاب پھینک دیا۔
تیزاب گردی کا واقعہ رنگ محل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دکان پر موجود 6 افراد تیزاب سے جھلس گئے۔ واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک بیگ میں 2 بوتلیں لے کر دکان پر آیا اور وہاں موجود افراد سے کہا کہ ’تمہیں اب زم زم پلاتا ہوں‘۔ اس کے بعد اس نے دکان میں بیٹھے افراد پر تیزاب پھینک دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے میں محمد منیر، وحید، عثمان، طاہر، ناظم اور اشرف (6 افراد) زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ متاثرین میں سے 2 کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ 4 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔
قبل ازیں ایس پی سٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی ہدایت پر ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے اور اطلاع ملنے پر ایس ایچ او رنگ محل فرح مشتاق نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم رشید کو گرفتار کر لیا۔
پولیس تحقیقات کے مطابق ملزم نے 5 روز قبل ہونے والی گالم گلوچ اور بدتمیزی کی رنجش پر یہ اقدام کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کے مزید پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔