کراچی، ڈاکوؤں کی کھلی واردات، شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا
طلبا سے موبائل فونز اور پیسے چھینے گئے:فوٹو:فائل
شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب سیکٹر 5-A/4 میں موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے ایک بار پھر شہریوں کو نشانہ بنا لیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق تین مسلح افراد نے گلی میں بیٹھے شہریوں پر اسلحہ تان لیا اور ان سے موبائل فون اور نقدی چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ واردات کے وقت وہاں چھ افراد موجود تھے جن میں سے تین افراد خوف کے باعث موقع سے بھاگ نکلے جبکہ باقی افراد ڈاکوؤں کے نشانے پر آ گئے۔ متاثرین میں غوث، محسن سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو موٹرسائیکل پر سوار تھے اور واردات کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں اس نوعیت کی وارداتیں معمول بنتی جا رہی ہیں جبکہ گشت اور نگرانی کے مؤثر انتظامات نہ ہونے پر تشویش پائی جاتی ہے۔