امریکا ایران معاہدے پر دستخطی تقریب سوئٹزرلینڈ کے صحت افزا مقام پر ہوگی؛ تصدیق ہوگئی

19 جون بروز جمعے کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط ہوں گے

پاکستان سمیت امریکا ایران اور دیگر فریقین نے بھی اس مقام کو پسند کیا ہے

امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط جمعے کے روزسوئٹزرلینڈ کے پہاڑی ریزورٹ برگن اسٹاک میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں کیے جائیں گے۔

اس بات کی تصدیق سوئس وزارتِ خارجہ نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ مقام مرکزی سوئٹزرلینڈ کے شہر لوسرن کے قریب واقع ہے۔

وزارت کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ اپنی جغرافیائی ساخت کے باعث یہ علاقہ نہایت محفوظ اور محدود رسائی والا علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے اس حساس سفارتی معاہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مقام کا انتخاب صرف سوئس حکام نے ہی نہیں کیا بلکہ اس میں پاکستان اور قطر کے ثالثوں کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کی رضامندی بھی شامل ہے سب نے اس جگہ کو مذاکرات اور دستخطی تقریب کے لیے موزوں اور سیکیورٹی کے لحاظ سے بہترین قرار دیا۔

یاد رہے کہ برگن اسٹاک ریزورٹ کو ماضی میں بھی اعلیٰ سطحی سفارتی اجلاسوں اور بین الاقوامی ملاقاتوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے کیونکہ اس کی محدود رسائی اور سخت سیکیورٹی انتظامات اسے حساس مذاکرات کے لیے ایک محفوظ مقام بناتے ہیں۔

اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اسے خطے میں کشیدگی میں کمی اور امریکا و ایران کے تعلقات میں بہتری کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے تاہم معاہدے کی تفصیلات ابھی مکمل طور پر سامنے نہیں آئیں۔

سوئس حکام کے مطابق تقریب کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور علاقے کو جزوی طور پر بند رکھا جائے گا۔ تاحال امریکا، ایران اور پاکستان کی جانب سے تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

 

Load Next Story