بلوچستان؛ خاران میں مغوی لڑکی بازیاب، اغوا میں ملوث تمام ملزمان گرفتار

ملزمان کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے، پولیس

فوٹو: فائل

بلوچستان کے علاقے خاران میں پولیس نے گزشتہ ہفتے اغوا کی گئی لڑکی کو کامیاب کارروائی کے نتیجے میں بازیاب کرایا اور تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

خاران پولیس کے مطابق گزشتہ رات تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزم سمیت تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مغوی لڑکی کو بھی محفوظ طریقے سے بازیاب کرا لیا۔

پولیس کے مطابق 10 جون کو صبح تقریباً 9:30 بجے پولیس اسٹیشن سر خاران میں لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں تین ملزمان نامزد تھے جن میں سردار لعل محمد، سعید احمد اور مرکزی ملزم ثنا اللہ شامل تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ پولیس ٹیم نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے، دو نامزد ملزمان سردار اور سعید احمد کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا اور ان کی نشان دہی اور تفتیش کی بنیاد پر مرکزی ملزم ثنا اللہ کی تلاش جاری رہی اور بعد ازاں انہیں بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کی نشان دہی پر پولیس نے مغوی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا اور والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان نے لڑکی کو اغوا کر کے ایک مخصوص مقام پر چھپا رکھا تھا تاہم پولیس کی تیز رفتار کارروائی اور مسلسل نگرانی کی بدولت یہ آپریشن چند گھنٹوں میں مکمل ہوگیا۔

دوسری جانب گرفتار تینوں ملزمان کو پولیس نے تھانے منتقل کر لیا ہے اور ان سے تفصیلی تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اغوا کی وجہ، سازش میں ملوث دیگر افراد اور ممکنہ روابط کا پتا لگانے کے لیے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔

پولیس ترجمان نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر حال میں شہریوں کے تحفظ کے لیے متحرک ہیں اور ایسے جرائم کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

Load Next Story