سپریم کورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا مختصر فیصلہ جاری کردیا
سپریم کورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا مختصر فیصلہ جاری کردیا۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 10 جون کو مختصر فیصلہ سنایا تھا۔
مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ محمد زبیر عرف چریا اور عبدالرحمان عرف بھولا تمام الزامات سے بری کیا جاتا ہے۔
عدالت عظمی نے سندھ ہائیکورٹ اور انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔
استغاثہ ملزمان کیخلاف مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا گیا۔
مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہ ہونے پر ملزمان کی فوری رہائی کا حکم دیا جاتا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ مبینہ محرک بھی ثابت نہ کر سکا۔ مختصر فیصلے کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست بھی نمٹا دی گئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ نچلی عدالتوں کے فیصلوں میں سیاسی جماعت سے متعلق ریمارکس بے بنیاد ثابت ہوئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کیخلاف دیئے گئے ریمارکس ختم کیے جاتے ہیں۔ قانونی ورثا کی جانب سے دائر درخواستیں بھی غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دی گئیں ہیں۔
عدالت عظمی نے مختصر فیصلے میں کہا کہ بعد میں شامل کیئے گئے ملزمان کیخلاف مقدمہ ثابت نہیں ہوسکا۔ تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔