اگرایک آواز دی تو پورا پاکستان اسلام آباد کی طرف امڈ آئےگا، مولانا فضل الرحمان
فوٹو: ایکسپریس
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران حکومت چلانے کے اہل نہیں اور ہر پاکستانی کو امن کی تلاش ہے، معقول سیاست کریں، اگر ہم نے ایک آواز دی تو پورا پاکستان اسلام آباد کی طرف امڈ آئے گا۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کے دوران اسلام آباد جانے کی دھمکی دیتے ہوئے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ معقول سیاست کریں، ہمیں مجبور نہ کریں، اگر ہم نے ایک آواز دی تو پورا پاکستان اسلام آباد کی طرف امڈ آئے گا، گھی آرام سے ڈبے سے باہر آئے تو ٹھیک ورنہ پھر انگلی ٹیڑھی کرکے نکالنا پڑے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مولانا شیخ ادریس کی شہادت ایک خاندان کی شہادت نہیں بلکہ پوری امت کا نقصان ہے، مولانا شیخ ادریس کی روح زند ہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سرزمین پر اسلام کا انقلاب برپا کرکے دکھائیں گے، شیخ ادریس کی شہادت سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دشمن سن لے! تم ہمارا کتنا خون بہاؤگے لیکن ہم جھکنے اور ڈرنے والے نہیں ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری پشت پر 200 سال کی طویل تاریخ ہے، جب تک برصغیر کی قیادت علما کے ہاتھ میں تھی ہر طرف امن تھا مگر علما سے قیادت چھین کر ہر طرف فساد برپا کیا گیا۔
سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ یہ حکمران حکومت چلانے کے اہل نہیں ہیں، آج ہر پاکستانی کو امن کی تلاش ہے، لسانیت اور قومیت کے نام پر نفرتیں پھیلائی گئیں لیکن ہم نے نفرتوں کے نظریات اور نعروں کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور پختونخوا میں انسانی خون ارزاں ہو گیا ہے، نام اسلام کا لیا جاتا ہے اور خون مسلمانوں کا بہاتے ہیں، دہشت گردی دیگر اسلامی ممالک میں کیوں نہیں، افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کیوں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمی استعماری قوتیں اپنے مفادات کے لیے دہشت گردی کر رہی ہیں۔