شہریوں کی حساس معلومات غیرملکی خفیہ ایجنسیوں کو فروخت کرنے والا ڈیجیٹل نیٹ ورک بے نقاب
فوٹو: ایکسپریس
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی انسداد دہشت گردی ونگ کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات اور دستاویزات غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کو فروخت کرنے والا منظم ڈیجیٹل نیٹ ورک بے نقاب کیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ پاکستانیوں کی حساس معلومات غیرملکی خفیہ ایجنسیوں کو فروخت کرنے والے ملزمان پاکستانی شہریوں کے ساتھ ڈیجیٹل مالیاتی فراڈ میں بھی ملوث پائے گئے ہیں اور اس نیٹ ورک میں ملکی اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔
ملزمان نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور موبائل فون صارفین کی حساس معلومات غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کو فروخت کرنے میں ملوث ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ملزمان مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں سے رابطے کے لیے استعمال کرتے تھے اور رقم کی وصولی کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جاتی تھی۔
ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کراچی نے ڈیجیٹل والٹس کا سراغ لگا لیا، جس کے بعد ایف آئی اے، سی ٹی ڈبلیو کراچی نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان سے مزید ہوشربا انکشافات متوقع ہیں۔