حب کینال میں گرنے والے بیٹے کو بچاتے ہوئے باپ ڈوب کر جاں بحق
منگھوپیر ناردرن بائی پاس دعا ہوٹل کے قریب حب کنال میں رکشا ڈرائیور بیٹے کو بچاتے ہوئے خود ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق منگھوپیر تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس دعا ہوٹل کے قریب حب کنال سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی جسے قانونی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پہلے متعلقہ تھانے بعدازاں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
متوفی کی شناخت 45 سالہ حاجی ندیم کے نام سے ہوئی۔ وہ لیاری 36 کا رہائشی تھا اور رکشا ڈرائیورتھا۔
ایس ایچ او منگھوپیر راجہ ذوالفقار حیدر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفی اپنی فیملی کے ہمراہ کپڑے دھونے کےلیے جب کینال آیا ہوا تھا جہاں اس کے بیٹے کا پاؤں سلپ ہو گیا اور بیٹا حب کینال میں گرگیا جسے بچانے کے لیے متوفی نے بھی حب کینال میں چھلانگ لگا دی۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ متوفی نے اپنے بیٹے کو تو ڈوبنے سے بچالیا تاہم خود ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، پولیس واقعے کے حوالے سے مزید بھی تفتیش کررہی ہے۔