کراچی؛ مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد

گرفتار زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کیا گیا

فوٹو: فائل

کراچی:

مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں میں 5 زخمیوں سمیت  8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق  اے وی ایل سی سی آئی اے کی ٹیم نے جمالی گوٹھ براق پمپ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے  ملزم عامر علی چانڈیو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

 ملزم کے قبضے سے 30 بور ٹی ٹی پستول، لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، جبکہ اس کے تین ساتھی عاقب چانڈیو، سومار چانڈیو اور شفیق فرار ہوگئے۔

دوسری جانب تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود سیکٹر 6-B صبا سینما کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران نوید اور بابر نامی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق ملزم بابر زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزمان سے پستول، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی جبکہ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 ادھر سپر مارکیٹ تھانے کی حدود تین ہٹی ندی کنارے سی ون ایریا لیاقت آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران احمد رضا نامی ملزم کو  زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی شہریار عرف شیری فرار ہوگیا۔

 گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، گولیاں اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

ضلع ویسٹ کے علاقے عمر گوٹھ، گلشن معمار میں پولیس مقابلے کے دوران فیض اللہ عرف سور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم سے اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول اور نقدی برآمد کی گئی۔

 ضلع ملیر کے علاقے کیٹل کالونی روڈ نمبر 9 پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی سمیت  2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کی تلاش شان اور سلمان کے ناموں سے ہوئی ، ملزمان سے دو پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔

 اسی طرح سچل تھانے کی حدود عبداللہ شاہ غازی گوٹھ جی بلاک میں پولیس مقابلے کے بعد ملزم یاسین زخمی حالت میں ساتھی جنسر سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

ادھر قائد آباد مرغی خانہ کے قریب سے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم انکی شناخت تاحال نہیں کی جا سکی ہے۔

Load Next Story