اٹلی کی وزیراعظم دوستی کیلیے بضد ہیں لیکن اب نہیں، شکریہ؛ ٹرمپ کا پھر طنز

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ جورجیا میلونی جی سیون اجلاس میں میرے ساتھ تصاویر بنوانے پر مصر تھیں

اطالوی وزیراعظم دوستی کرنا چاہتی ہیں لیکن اب نہیں، شکریہ؛ ٹرمپ کا طنز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی پر طنزیہ پیرائے میں سخت تنقید کی ہے جسے کئی عالمی رہنماؤں نے نامناسب انداز قرار دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ فرانس میں ہونے والے جی 7 اجلاس کے دوران جورجیا میلونی مسلسل ان کے ساتھ تصاویر بنوانا چاہتی تھیں۔

ان کے بقول اٹلی میں اپنی مقبولیت میں کمی کے باعث وزیراعظم جورجیا میلونی اب دوبارہ امریکا سے قربت بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے معاملے پر اطالوی وزیراعظم نے امریکا کا ساتھ نہیں دیا تھا۔

امریکی صدر نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ اٹلی نے نہ صرف امریکی مؤقف کی حمایت سے گریز کیا بلکہ امریکی افواج کو اپنی فضائی اڈے اور رن ویز استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں دی۔

صدر ٹرمپ کے بقول اٹلی کے اس رویے کے باعث امریکی فوجی کارروائیوں میں لاجسٹک مشکلات پیدا ہوئیں۔

امریکی صدر نے اپنی پوسٹ میں نیٹو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں نیٹو نے بھی امریکا کا بھرپور ساتھ نہیں دیا حالانکہ امریکا ہر سال اٹلی اور دیگر نیٹو اتحادیوں کے دفاع پر سیکڑوں ارب ڈالر خرچ کرتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو فوجی طور پر شکست دے دی ہے جس کے بعد اب جورجیا میلونی دوبارہ دوستی کی خواہاں ہیں تاکہ اپنی عوامی مقبولیت میں اضافہ کر سکیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر دو ٹوک انداز میں لکھا کہ اب بہت دیر ہو چکی، شکریہ اب نہیں۔

 

 

Load Next Story