ورلڈ ڈس ایبل اسنوکر چیمپئن شپ: پاکستان کے شہزاد بٹ نے فائنل میں جگہ بنا لی

فائنل میں شہزاد بٹ کا مقابلہ تھائی لینڈ کے دفاعی چیمپئن سونگ کیاٹ رائیبنکو سے ہوگا

پاکستان کے شہزاد بٹ نے ورلڈ ڈس ایبل اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا لی،شہزاد بٹ نے سیمی فائنل میں چین کے یوان ہوان ہی کو شکست دے کر ٹائٹل مقابلے کے لئے کوالیفائی کیا،پاکستانی کیوئسٹ فائنل میں دفاعی چیمپئن سونگ کیاٹ رائیبنکو کے مدمقابل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے اسنوکر کے میدان سے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، ورلڈ ڈس ایبل اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے باصلاحیت کیوئسٹ شہزاد بٹ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

سیمی فائنل میں شہزاد بٹ نے چین کے یوان ہوان ہی کو 1-3 فریمز سے شکست دے کر ٹائٹل کے لیے اپنی جگہ یقینی بنائی۔ پاکستانی کیوئسٹ نے پورے میچ کے دوران عمدہ کھیل پیش کیا اور اہم مواقع پر اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

فائنل میں شہزاد بٹ کا مقابلہ تھائی لینڈ کے دفاعی چیمپئن سونگ کیاٹ رائیبنکو سے ہوگا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ اتوار کی صبح 8 بجے کھیلا جائے گا۔

شہزاد بٹ نے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے اب تک دو بلند ترین بریکس بھی اپنے نام کی ہیں۔ انہوں نے 71 اور 81 پوائنٹس کی شاندار ہائیسٹ بریکس کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،فائنل سے قبل شہزاد بٹ نے قوم سے اپنی کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

پاکستانی شائقین کو امید ہے کہ وہ فائنل میں بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیے عالمی اعزاز جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔

Load Next Story