کراچی، لیاقت آباد میں پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار
فوٹو: فائل
کراچی کے علاقے تھانہ سپر مارکیٹ کی حدود لیاقت آباد نمبر 4 گجر نالہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا جس کے دوران ایک خطرناک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہریار عرف شیری ولد جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے موقع سے 30 بور پستول بمعہ دو راؤنڈز، 300 روپے نقدی، ایک موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ سپر مارکیٹ سمیت متعدد تھانوں میں درج مختلف مقدمات میں مفرور اور مطلوب تھا۔
اس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جس میں شریف آباد، شاہ لطیف اور دیگر تھانوں میں ڈکیتی اور اسلحہ کے کیسز شامل ہیں۔
واقعے کے بعد زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔