ڈیفنس امام بارگاہ حادثے کی زخمی 10 سالہ بچی جاں بحق، ڈرائیور نشے میں تھا
ڈیفینس فیز 6 امام بارگاہ کے باہر تیز رفتار سوزوکی ٹکرانے کے واقعے میں زخمی 10 سالہ زنیرہ دم توڑ گئی، حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے تھے، ڈرائیور نشے میں تھا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ڈیفینس فیز 6 میں گزشتہ شب امام بارگاہ کے باہر تیز رفتار سوزوکی ٹکرانے کے واقعے میں زخمی ہونے والی 10 سالہ بچی زنیرہ دوران علاج دم توڑ گئی جو نجی اسپتال میں زیر علاج تھی۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق سوزوکی گاڑی میں سوار ایک اور شخص کو حراست میں لے لیا گیا جس کی شناخت مومن کے نام سے ہوئی جبکہ گزشتہ روز موقع سے گرفتار کیے گئے دو افراد کا تعلق قصبہ کٹی پہاڑی اور دوسرے کا بنارس سے تھا، اب تک اس کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد تین ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق سوزوکی ڈرائیور کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی، تینوں افراد سی ویو آئے جبکہ ڈرائیور نشے میں تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی چلا رہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ ڈیفنس میں امام بارگاہ کے قریب تیز رفتار سوزوکی کے حادثے کے 7 زخمی اس وقت اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کا مقدمہ امام بارگاہ کے سیکیورٹی انچارج فہد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، اقدام قتل کی دفعات بھی شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں املاک کو نقصان پہنچانا اور غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنا بھی شامل ہے۔