کینیڈا میں یہودی آبادی کے نزدیک فائرنگ میں پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک

مونٹریال پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا

کینیڈا میں مسلح شخص کی فائرنگ میں پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک

مونٹریال میں ایک مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع پر جانے والی پولیس ٹیم کی حملہ آور سے مڈبھیڑ ہوگئی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مونٹریال پولیس نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب علاقے میں مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع ملی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ مشتبہ شخص اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایک شہری بھی ہلاک ہوا۔

جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

مونٹریال پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور کے مارے جانے کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دیدیا گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ ایک ایسے علاقے میں ہوا جہاں یہودی برادری کی خاصی آبادی، عبادت گاہیں، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز موجود ہیں۔

تاہم تاحال اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ حملہ مذہبی بنیادوں پر کیا گیا تھا یا کسی مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں سے گریز کریں کیونکہ حملے کے محرک کا تعین ابھی نہیں ہو سکا۔ 

مونٹریال پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت، اس کے پس منظر، اسلحے کے ذرائع اور حملے کے مقصد سمیت تمام پہلوؤں کی تفتیش جاری ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ جیسے ہی مزید مصدقہ معلومات دستیاب ہوں گی، انہیں عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ 

Load Next Story