ہاکی پرو لیگ: قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف 3-4 سے شکست

یہ پاکستان کی لیگ میں یہ مسلسل 13 ویں شکست ہے

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کو بھارت نے 3-4 گول سے شکست دے دی۔ یہ پاکستان کی لیگ میں یہ مسلسل 13 ویں شکست ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق لندن کے لی ویلی ہاکی اینڈ ٹینس سینٹر گراؤنڈ پر منعقدہ میچ میں روایتی حریف ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔تاہم، انٹرنیشنل رینکنگ میں 12ویں پوزیشن پر موجود پاکستان ہاکی ٹیم عالمی رینکنگ میں 8ویں درجے پر فائز بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان کو پہلے ہاف میں ایک گول کی سبقت حاصل ہوئی۔ تاہم، بھارت نے مقابلہ برابر کرنے کے بعد دوسرے کوارٹر میں 1ـ2 کی سبقت حاصل کر لی جبکہ تیسرے کوارٹر کے اختتام پر بھارت کی برتری1-3 میں تبدیل ہو گئی۔

بعدازاں کھیل میں زیادہ تیزی آگئی اور دونوں ٹیموں نے مزید ایک ایک گول کیا۔ پاکستان نے آخری لمحات  میں مزید ایک گول کر کے خسارہ کم کیا۔ تاہم، میچ کا مقررہ وقت مکمل ہونے پر بھارت کو 3-4 سے فتح مل گئی،

پاکستان اس اہم ترین میچ میں اپنے تین بہترین کھلاڑیوں سے محروم رہا۔ پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ سفیان خان اور حنان شاہد کے علاوہ کپتان حماد بٹ بھی ایکشن میں نظر نہیں آسکے۔

لیگ کے تیرا میچز میں اب تک پاکستان نے حریف ٹیموں کے خلاف 20 گول کیے ہیں جبکہ پاکستان کے خلاف 63 گول ہو چکے۔

پاکستان لیگ میں اپنا اگلا میچ بدھ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ لیگ میں 26 جون کو ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ ہوگا جبکہ اگلے روز پاکستان اپنے16 ویں اور آخری میچ میں انگلینڈ کے خلاف صف آرا ہوگا۔

Load Next Story