کراچی، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ٹریول ایجنسی کا مالک جاں بحق
اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں گھر کے باہر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 27 سالہ محمد حذیفہ صدیقی کے نام سے ہوئی ہے جو مومن آباد سیکٹر 4 ایف بلاک ڈی کا رہائشی اور ٹریول ایجنسی کا کاروبار کرتا تھا۔
ایس ایچ او مومن آباد شہباز یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ حذیفہ ایک آلٹو کار میں ڈرائیور کے ہمراہ اپنے گھر پہنچا ہی تھا کہ پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مقتول کی گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے موقع تک پہنچے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو سے تین تھی۔ فائرنگ ڈرائیونگ سائیڈ سے کی گئی جبکہ حذیفہ گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھا ہوا تھا۔
فائرنگ کے نتیجے میں مقتول کے دائیں بازو پر دو اور سینے پر ایک گولی لگی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے دو خول برآمد ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں مدد مل سکے۔
تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مقتول پر اس سے قبل بھی جان لیوا حملہ ہو چکا تھا۔
پولیس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران سائٹ ایریا میں حذیفہ پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں وہ زخمی ہوگیا تھا اور اس واقعے کا مقدمہ بھی درج ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم حتمی رائے شواہد اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی دی جا سکے گی۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔