چند وفاقی وزرا مشکلات پیدا کررہے ہیں وزیراعظم انہیں کنٹرول کریں ورنہ مشکلات میں اضافہ ہوگا، بلاول
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں، ریاست کی پالیسی واضح ہے، چند وفاقی وزرا مشکلات پیدا کررہے ہیں، وزیراعظم اپنی ٹیم کو کنٹرول کریں ورنہ مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے پر گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا بھی گلگت بلتستان میں پی پی پی کا مینڈیٹ تسلیم کرنے کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مسلم لیگ ن نے ہمارے وزیراعلیٰ اور اسپیکر کو ووٹ دیا، مسلم لیگ ن گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں بیٹھے گی، گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر ن لیگ کا ہوگا۔
بلاول نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران امریکا امن معاہدے کے لیے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں کامیاب ہوں،اس جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں پر معاشی بوجھ پڑا ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں امن ہونے سے پاکستانیوں پر معاشی بوجھ کم کیا جاسکے،
پاکستان ایران تعلقات جنگ سے قبل بھی اچھے تھے مگر اب مزید بہتر ہوگئے، پاک ایران پائپ لائن منصوبہ صدر زرداری نے ایران سے کیا تھا حالات بہتر ہونے سے سب سے پہلے پاک ایران گیس پائپ منصوبہ مکمل کریں گے۔