امریکا کا ایران کے منجمد اربوں ڈالرز کو خود استعمال کرنے کا منصوبہ؛ ٹرمپ نے بتادیا

ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول ٹیکس وصول نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے؛ ٹرمپ

فوٹو فائل

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی یا دیگر بحری جہازوں سے کسی قسم کا ٹول ٹیکس یا اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

اس بات کا دعویٰ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں کیا۔

انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا نے ایران کو کوئی نئی مالی امداد فراہم نہیں کی اور نہ ہی ایران کے منجمد فنڈز میں سے کوئی رقم واپس کی گئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ ایران کے منجمد فنڈز میں سے کچھ رقم امریکا جاری کردے گا تاہم اس رقم کا مکمل کنٹرول امریکا کے پاس ہی ہوگا اور اسے براہ راست ایران کو نہیں دیا جائے گا۔

ٹرمپ کے بقول ایران کی اس رقم سے امریکا کے کسانوں اور مویشی پالنے والوں سے مکئی، گندم، سویابین اور دیگر زرعی اجناس خریدے جائیں گے تاکہ ایران میں غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ایران کو خوراک کی شدید ضرورت ہے اس لیے ہم ان کے لیے ان پیسوں سے صرف امریکا سے خوراک خریدیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ ایران نے واضح طور پر آگاہ کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر نہ کوئی ٹول عائد کیا جا رہا ہے، نہ اضافی انشورنس اخراجات طلب کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی کسی اور قسم کی فیس وصول کی جا رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی آمیز لہجے میں خبردار کیا کہ اگر ٹول فیس یا اضافی چارجز نہ لینے کی یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں تو ایران کے ساتھ جاری مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ایران کے اربوں ڈالرز امریکی پابندیوں کے باعث منجمد ہیں اور حال ہی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے بعد ان کے بحال ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں تاہم صدر ٹرمپ کے اس بیان سے لگتا ہے کہ وہ ان فنڈز پر اپنا کنٹرول رکھیں گے۔

 

Load Next Story