غزہ میں حماس کے تین کمانڈر شہید

ایڈیٹوریل  جمعـء 22 اگست 2014
غزہ پر اسرائیلی حملوں کا تازہ سلسلہ چھ ہفتے قبل شروع کیا گیا تھا جب کہ شہید کیے جانے والے فلسطینی کمانڈروں...   فوٹو: اے ایف پی/فائل

غزہ پر اسرائیلی حملوں کا تازہ سلسلہ چھ ہفتے قبل شروع کیا گیا تھا جب کہ شہید کیے جانے والے فلسطینی کمانڈروں... فوٹو: اے ایف پی/فائل

اسرائیلی فوج نے غزہ میں بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حماس کے 3 سینئر کمانڈروں اور 4 بچوں سمیت مزید 27 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔ ذرایع ابلاغ نے فلسطینی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان اشرف القدرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ رفاہ میں اسرائیلی فوج نے ایک چار منزلہ گھر کو نشانہ بنایا جس میں تین سینئر کمانڈروں سمیت 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والے کمانڈروں کے نام محمد ابو شمالا، محمد برہوم اور رائد العطار بتائے گئے ہیں۔ ایک فلسطینی نصرت مہاجر کیمپ میں شہید ہوا۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کا تازہ سلسلہ چھ ہفتے قبل شروع کیا گیا تھا جب کہ شہید کیے جانے والے فلسطینی کمانڈروں نے غاصب صہیونی ریاست کے خلاف کئی آپریشنز کی کامیاب قیادت کی تھی۔ گزشتہ صبح صیہونی فورسز نے غزہ اور بیت لحیہ کی گلیوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا جس میں مزید 7 افراد شہید ہو گئے۔ غزہ کے ایک قبرستان میں شہید ہونے والے فلسطینی کے جنازہ میں شریک اس کے عزیز و اقارب پر یہودی فوج نے بمباری کر کے 4 افراد کو شہید کر دیا۔ اسرائیلی ملٹری اور داخلی سلامتی سروسز (شن بیٹ) نے فلسطینی لیڈروں کو ہدف بنا کر حملہ کیا گیا۔

بیت لحیہ میں فضائی حملے میں ایک شخص اور ایک تیرہ سالہ لڑکا جب کہ غزہ شہر میں تین بچوں سمیت پانچ دوسرے افراد شہید ہو گئے۔ غزہ میں ایک اور حملے میں کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں دو افراد شہید ہو گئے۔ غزہ سے حماس نے اسرائیلی علاقے میں راکٹ داغا جس میں ایک یہودی شہری زخمی ہو گیا۔ اب تک 2083 فلسطینی شہید اور 10 ہزار 310 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کی بھی67 ہلاکتیں ہو گئیں جن میں یہودی فوجیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق مرنے والوں میں عام شہریوں کی تعداد زیادہ ہے۔ حماس کے ترجمان سمی ابو زہری نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی۔

امن مذاکرات نہیں ہونگے۔ حماس نے غیر ملکی ائیر لائنز کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بند کر دیں ورنہ جانی و مالی  نقصان کے ذمے دار وہ خود ہوں گے۔ اسرائیلی وزیر دفاع موشی یالون نے حماس کے کمانڈروں کی شہادت کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حماس کے دیگر رہنمائوں کے خلاف بھی حملے جاری رہیں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں بمباری جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا ہے۔

ٹی وی پر خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ وہ ضرورت کے مطابق تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جاری رہنے والی مہم کے لیے پر عزم ہیں۔ ادھر قطر میں فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس کے رہنما خالد مشعل اور قطر کے امیر سے بھی ملاقات کی ہے۔ مصرنے مذاکرات کی ناکامی کے باوجود ثالثی کی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں عرب ملکوں کے وزراء اور اعلی حکام پر مشتمل وفد نے جمعرات کو جینوا میں سوئس حکام سے ملاقات کی جس میں فلسطینی عوام کو اسرائیلی جارحیت سے بین الاقوامی تحفظ دینے کی درخواست کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔