پنجاب میں زلزلے سے کتنا نقصان ہوا؟ پی ڈی ایم اے نے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی

پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 فعال ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے زلزلے کے بعد صوبے بھر سے موصول ہونے والی ابتدائی رپورٹس جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی ضلع سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے بعد تمام اضلاع سے ابتدائی معلومات اکٹھی کی گئیں جن کے مطابق صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو عمارتوں کی چیکنگ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن فعال ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زلزلے کے باعث کسی بھی قسم کے نقصان یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1129 پر دیں۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

Load Next Story