وینزویلا میں 3 دن سے ٹنوں ملبے تلے دبی نومولود بچی زندہ برآمد؛ رلا دینے والی ویڈیو
امدادی کاموں میں مصروف رضاکاروں کو ملبے تلے کسی بچی کی رونے کی آواز آئی تھی
وینزویلا میں بدھ کے روز آنے والے خوفناک زلزلے میں ایک ہزار کے قریب ہلاکتیں اور 3 ہزار سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے لیکن امدادی کاموں کے دوران معجزات بھی ہو رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا میں ہائی رائز عمارتوں کے ٹنوں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کاموں کا سلسلہ 3 روز سے جاری ہے جس میں آج ایک کامیابی نے سب کو خوشی کے آنسو رلا دیا۔
امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف تھیں کہ انہیں ملبے کے نیچے سے بچے کے رونے کی آواز سنائی دی۔ آواز کی سمت کا تعین کرنے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے نہایت احتیاط سے کنکریٹ اور ملبہ ہٹایا۔
طویل اور نہایت احتیاط سے جاری ریسکیو آپریشن کے بعد امدادی اہلکار ننھی بچی تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور اسے بحفاظت باہر نکال لیا۔
جیسے ہی بچی کو ملبے سے زندہ نکالا گیا جائے وقوعہ پر موجود ریسکیو اہلکاروں اور رضاکاروں نے خوشی سے نعرے لگائے جبکہ کئی افراد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
والدین اور رشتہ داروں نے ننھی کلی کو سینے سے لگا کر شکر ادا کیا۔ اس جذباتی منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد بچی کی سلامتی پر خوشی کا اظہار اور ریسکیو اہلکاروں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔
والدین اور رشتہ داروں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے اور یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود افراد بھی آبدیدہ ہو گئے۔
طبی ذرائع کے مطابق بچی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی۔
تاہم حملے میں خاندان کے بعض دیگر افراد کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔