منوڑا کے سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر 2 نوجوان جاں بحق
منوڑا روڈ سینڈزپٹ ہٹ نمبر 15 کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو ماڑی پور تھانے کے علاقے منوڑا روڈ سینڈزپٹ ہٹ نمبر 15 کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب گئے جن کی لاشیں ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے سمندر سے ریسکیو کرنے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیں۔
ڈوب کر جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 18 سالہ سیف قریشی ولد انور قریشی اور 27 سالہ زبیر گل ولد محمود گل کے ناموں سے کی گئی، جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان آپس میں دوست تھے اور پاک کالونی حسرت موہانی کالونی کے رہائشی تھے۔
ماڑی پور تھانے کے ڈیوٹی افسر ذوالقرنین نے بتایا کہ پاک کالونی کے رہائشی 4 دوست پکنک پر سینڈزپٹ کے مقام پر آئے تھے جہاں چاروں دوست سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، 2 دوست تو خود سمندر سے نکل آئے لیکن 2 دوست ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔