پنکی کیخلاف کچھ نہیں ہوگا اسے جلد صدارتی ایوارڈ ملے گا، سینیٹر ابڑو

پنکی کے پیچھے بڑے لوگ ہیں اُسے وزیراعظم سے زیادہ پروٹوکول مل رہا ہے، چیئرمین کمیٹی

فوٹو اسکرین گریپ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا ہے کہ انمول پنکی کو وزیراعظم سے زیادہ پروٹوکول دیا جارہا ہے، اُس کے خلاف کچھ نہیں ہوگا البتہ اُسے جلد صدارتی ایوارڈ دیا جائے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ایک بار پھر انمول پنکی کیس زبان زد عام رہا۔ اس دوران چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ انمول پنکی کے پیچھے بیس بیس موبائل گاڑیاں چل رہی ہیں اتنا پروٹوکول تو وزیراعظم کو بھی حاصل نہیں ہے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی چئیرپرسن نے بڑی میٹنگز ہیڈ کی تھیں، اس کمیٹی میں پولیس نے بتایا ہے کہ انمول پنکی کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے کمیٹی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ انمول پنکی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا۔ اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ پتہ کیا جائے اس خاتون کے پیچھے کون ہے، اس کو پولیس کی 20، 20 کا پروٹوکول کیسے مل رہا ہے؟

سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ایک سینیٹر کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے تو ایک ملزمہ کے پیچھے بیس گاڑیاں کیوں ہیں؟ سینیٹر کو چھوڑ دیں یہ خاتون تو پوری پارلیمنٹ سے بڑی ہے، جب وہ گرفتار ہوئی تھی تو آدھی پارلیمنٹ میں بھی زلزلہ آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انمول کے پیچھے بڑے طاقت ور لوگ ہیں، اس کو وفاقی ادارے چیک کریں گے تو کیس کو کہیں پہنچا دیں گے، وگرنہ سندھ پولیس تو بس چالان پیش کردے گی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سندھ کراچی پولیس نے بتایا کہ انمول پنکی کیس میں دو نائیجیرینز کو گرفتار کیا گیا، پنکی کے نیٹ ورک میں شامل 2 خواتین نے 2 نائیجیرین باشندوں سے شادی کر رکھی تھی، نائیجیرین باشندوں سے منشیات منگواتی تھی اور فروخت کرتی تھی۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ایسا لگتا ہے انمول پنکی کو آئندہ سال صدارتی ایوارڈ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی میں بیٹھ کر کہا کہ ہم اس کیس کو نہیں چھوڑیں گے، ہم نے تفصیلات اس لیے طلب کیں تاکہ معلوم ہو کہ طلال چوہدری اس کیس پر کتنا کام کرسکتے ہیں۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ میں آج آپ کو کہتا ہوں کہ اگر انمول پنکی سندھ میں رہے گی اس کو کچھ نہیں ہوگا، انمول پنکی کی پشت پناہی کرنے والے لوگ اب تک سامنے نہیں آئے، اس کیس کے حوالے سے میں تو کیا کوئی بھی پاکستانی مطمئن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو لوگ اس کی پشت پناہی کر رہے اور چھپے ہوئے ہیں ان لوگوں کو سامنے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو طلال چوہدری کو دیکھ رہے ہیں کہ وہ اس کیس میں کیا کر سکتا ہے، مجھے امید ہے کہ انمول پنکی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی اورپنکی کو جلد صدارتی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

Load Next Story