فیفا ورلڈکپ: میکسیکو کی 40 سال بعد ناک آؤٹ میچ میں فتح، ایکواڈور باہر

ایکواڈور نے واپسی کی کوشش کی لیکن میکسیکو کی منظم دفاعی حکمت عملی کے سامنے اسے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی

میزبان میکسیکو نے ایکواڈور کو 0-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میکسیکو سٹی کے ازٹیکا اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ مقابلہ شدید بارش اور گرج چمک کے باعث ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا تاہم کھیل کے آغاز کے بعد میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدا ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔

میکسیکو نے پہلے 10 منٹ میں متعدد خطرناک حملے کیے اور جلد ہی جولین کوئنونیس نے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلا دی۔

کچھ ہی دیر بعد راول خیمنیز نے ایکواڈور کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی کو گول میں تبدیل کر کے برتری دگنی کردی۔

وقفے کے بعد ایکواڈور نے واپسی کی کوشش کی لیکن میکسیکو کی منظم دفاعی حکمت عملی کے سامنے اسے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی۔

گونزالو پلاٹا کی ایک کوشش ہدف کے قریب تو پہنچی مگر نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکی۔

میچ کے اختتامی لمحات میں ایکواڈور کی مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب پیئرو ہنکاپیے کو مخالف کھلاڑی سے بات کرتے ہوئے منہ ڈھانپنے پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔

اس کامیابی کے بعد میکسیکو اب اگلے مرحلے میں انگلینڈ یا ڈی آر کانگو میں سے کسی ایک ٹیم کا سامنا کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ میکسیکو کی 1986 کے بعد فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی کامیابی ہے۔

Load Next Story