بلوچستان میں مون سون کی تباہ کن بارش، خاتون اور بچہ جاں بحق، 10 افراد زخمی

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے

فوٹو: ایکسپریس نیوز

بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے اور مختلف علاقوں میں تباہی پھیلا دی ہے، ژوب میں خاتون اور بچہ جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور صوبے کے شمالی اور مشرقی اضلاع کو شدید متاثر کیا ہے، ضلع ژوب میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے نہ صرف معمولات زندگی درہم برہم کر دیا بلکہ انسانی جانوں کا بھی ضیاع ہوا ہے۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق ژوب شہر اور اس کے اطراف نئی آبادی علاقے میں شدید بارش کے دوران دو الگ الگ واقعات میں کچے مکانات گرنے سے ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے، تاہم ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے تلے سے نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

حکام کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان اور عارضی پناہ گاہوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ پہلا واقعہ ژوب کے علاقے نئی آبادی میں پیش آیا، جہاں ایک مکان کی چھت اور دیوار گرنے سے خاتون اور بچوں سمیت خاندان کے افراد متاثر ہوئے، دوسرا واقعے میں قریبی علاقے میں ایک اور گھر کے ملبے میں متعدد افراد دب گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن کا علاج جاری ہے، شدید بارش کے باعث مزید ایسے واقعات کا خدشہ موجود ہے، خاص طور پر خستہ حال عمارتوں والے علاقوں میں خدشات برقرار ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ چند روز تک بلوچستان کے ژوب، نصیر آباد، شیرانی، سبی، ڈیرہ بگٹی سمیت متعدد اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا، بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے، جو مقامی نالوں اور ندیوں میں طغیانی کا باعث بن سکتی ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، نشیبی علاقوں، خستہ حال عمارتوں اور نالوں سے دور رہیں، بجلی کی تاروں اور کھلے مقامات پر جانے سے احتیاط برتیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں مون سون کے اس سلسلے نے کئی اضلاع میں سیلابی صورت حال پیدا کر دی ہے، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق متعدد علاقوں میں سڑکیں بند، بجلی اور پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، حکام نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو الرٹ رکھا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بارشیں زرعی شعبے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں مگر غریب آبادی والے علاقوں میں جہاں کچے گھر عام ہیں، نقصان کا خطرہ زیادہ ہے،گزشتہ برسوں کے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے انتظامیہ کو پہلے سے بہتر تیاری کرنی چاہیے تاکہ جانی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہری کو  احتیاط برتنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Load Next Story