ایم کیو ایم کا پیپلزپارٹی کیخلاف فیصلہ کن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کے مظالم اور کرپشن حد سے زیادہ بڑھ گئے، کارکنان عوامی سطح پر رابطے تیز کریں، انیس قائم خانی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے پیپلزپارٹی کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں مرکزی زمہ داران، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے مظالم، کرپشن اور نااہلی خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

انیس قائم خانی نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف فیصلہ کن عوامی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مظالم حد سے تجاوز کر چکے ہیں، کراچی سے کشمور  تک سندھ بھر کی مظلوم عوام حکمرانوں کی کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف سراپائے احتجاج ہے۔

انیس قائم خانی نے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر عوامی رابطے تیز کریں اور لوگوں کو جدوجہد میں شامل ہونے کا پیغام پہنچائیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں علاقائی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

Load Next Story