فیفا ورلڈکپ: انگلینڈ کو ازٹیکا اسٹیڈیم میں ناقابل شکست میکسیکن ٹیم کا چیلنج درپیش
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو میزبان میکسیکو کے خلاف ازٹیکا اسٹیڈیم میں ایک مشکل امتحان درپیش ہوگا۔
یہ تاریخی میدان میکسیکو کی قومی ٹیم کا مضبوط قلعہ سمجھا جاتا ہے جہاں مخالف ٹیموں کے لیے کامیابی حاصل کرنا ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔
تقریباً 88 ہزار تماشائیوں کی موجودگی اور سطح سمندر سے 7 ہزار 220 فٹ بلندی پر واقع اسٹیڈیم میں کھیلنا مہمان ٹیموں کے لیے آسان نہیں ہوتا۔
میکسیکو کی ٹیم اس ماحول سے پوری طرح ہم آہنگ ہے جس کی وجہ سے اسے نمایاں برتری حاصل ہوتی ہے۔
گزشتہ 60 برسوں میں میکسیکو نے ازٹیکا اسٹیڈیم میں 89 میچز کھیلے، جن میں سے 70 میں کامیابی حاصل کی، 17 برابر رہے جبکہ صرف دو مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
https://x.com/footballontnt/status/2072621645563359402?s=20
2013 کے بعد سے میکسیکن ٹیم یہاں کسی بھی میچ میں نہیں ہاری ہے۔
ورلڈ کپ میں بھی میکسیکو کا اس میدان پر ریکارڈ شاندار ہے۔ ٹیم نے یہاں اپنے تمام 10 ورلڈ کپ میچز میں شکست نہیں کھائی اور آٹھ کلین شیٹس بھی حاصل کیں۔
ازٹیکا اسٹیڈیم 1970، 1986 اور 2026 کے ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی کرنے والا دنیا کا واحد اسٹیڈیم بھی ہے جہاں دو عالمی فائنلز بھی کھیلے جا چکے ہیں۔