نجی پٹرولیم کمپنی نے کسٹمز کے پورٹ قاسم بانڈڈ ویئر ہاؤس سے اربوں روپے کا پٹرول غائب کر دیا

کسٹم نے پٹرولیم کمپنی کا اربوں روپے کا فراڈ پکڑ کر مقدمہ درج کرلیا

نجی پٹرولیم کمپنی نے کسٹمز کے پورٹ قاسم بانڈڈ ویئر ہائوس سے اربوں روپے کا پٹرول غائب کر دیا۔کسٹم نے پٹرولیم کمپنی کا اربوں روپے کا فراڈ پکڑ کر مقدمہ درج کرلیا۔

کسٹم کلکٹریٹ پورٹ قاسم کے حکام نے ویئر ہائوس میں نجی کمپنی کا پٹرول اسٹاک چیک کیا تو اس میں سے6975میٹرک ٹن پٹرول کم پایا گیا، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کمپنی نے 3مختلف  آئل ٹینکرزکے ذریعے جو پٹرول امپورٹ کیا،اسے پرال کے سسٹم میں ڈیوٹی ٹیکس جمع کروائے بغیر بانڈڈ ویئر ہائوس سے غیر قانونی طور پر منتقل کر لیا۔

کمپنی کی طرف سے پٹرول شپمنٹس کے بوگس ڈاکومنٹس بھی کسٹم حکام کو جمع کروائے گئے جس پر کسٹم حکام نے کمپنی کے ڈائریکٹرز محمد وارث اور محمد آصف کیخلاف ٹیکس چوری اور فراڈ کرنے پرکسٹم ایکٹ 1969اور پٹرولیم پروڈکٹس آرڈیننس 1961 کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے کسٹم کے بانڈڈ ویئر ہائوس سے 2ارب، 37کروڑ،70لاکھ کا مالیت کا پٹرول غائب کیا، اس پر ڈیوٹی،ٹیکس ،لیوی ایک ارب،63کروڑ، ساٹھ لاکھ روپے بنتی ہے، اس طرح ملزمان نے قومی خزانے کو3ارب، 63کروڑ،60لاکھ روپے کا نقصان پہچایا۔ نجی آئل کمپنی کے پٹرول پمپس کا زیادہ تر نیٹ ورک چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں قائم ہے۔ اس کمپنی کے معاملات کی چھان بین کیلیے کسٹم حکام نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا جس سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔

دس روز قبل ایک اور معروف پٹرولیم کمپنی کیخلاف بھی اسی نوعیت کا مقدمہ ایف آئی اے کراچی نے درج کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرولیم کمپنیوں نے کسٹم اور ایف آئی اے کی کارروائیوں سے بچنے کیلئے وفاقی دارالحکومت کے بااثر حلقوں میں لابنگ شروع کردی ہے ۔

Load Next Story