نیوہیون ویمنز ٹینس میں پیٹرا کیوٹوا کی سیمی فائنل میں رسائی

سمانتھا اسٹوسر نے کرسٹن فلپکنز کو ٹھکانے لگاکر فائنل فور میں قدم رکھ دیا

ونسٹن سیلم میں گارشیا لوپز کوکیورے نے قابو کرلیا، آندریس سیپی بھی ناکام۔ فوٹو : اے ایف پی

MALTI:
ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا نے نیوہیون ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی سیکنڈ سیڈ پلیئر نے کوارٹر فائنل میں ہموطن باربورا زالووا اسٹرائیکوا کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-1 سے شکست دے دی۔

سمانتھا اسٹوسر نے بیلجین حریف کرسٹن فلپکنز کو ٹھکانے لگاکر فائنل فور میں قدم رکھ دیا، ونسٹن سیلم مینز ایونٹ کوارٹر فائنل میں 5 سیڈ گولیرمو گارشیا لوپز کو سام کیورے نے قابو کرلیا، چائنیزتائپے کے لو ین ہوشن نے اطالوی حریف آندریس سیپی کو مات دے دی۔تفصیلات کے مطابق نیوہیون ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں سیکنڈ سیڈ پیٹرا کیوٹوا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔


انھوں نے کوارٹرفائنل میں ہموطن باربورا زالووا اسٹرائیکوا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور 6-1 سے شکست دی، فائنل میں جگہ بنانے کیلیے کیوٹوا کو سامنا اب آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر سے ہوگا، جنھوں نے راؤنڈ 8 مقابلے میں بیلجیئم کی کرسٹن فلپکنز کو دلچسپ مقابلے میں 6-3، 4-6 اور 6-3 سے ٹھکانے لگایا، یوایس اوپن کیلیے وارم اپ ایونٹ کے طور پر دیکھے جانے والے نیو ہیون کی ٹرافی کیوٹوا نے 2012 میں اپنے نام کی تھی۔

گذشتہ برس کے فائنل میں انھیں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے مات دی تھی، دیگر کوارٹر فائنلز میں سلواکیہ کی میگڈیلینا ریبریکووا نے امریکی حریف الیسون ریسکی کو 7-5، 0-6 اور 6-4 سے پچھاڑ دیا، سیمی فائنل میں ریبریکووا کا ٹاکرا خوبرو اطالوی پلیئر کمیلا جیورجی سے ہوگا، جنھوں نے تجربہ کار اسپینش حریف گاربین مگروزا کو 6-4، 6-7 (4/7) اور 6-2 سے قابو کیا، جیورجی نے اس سے قبل کیرولین ووزینسکی کو ٹھکانے لگایا تھا۔

دوسری جانب ونسٹن سیلم کے کوارٹر فائنلز میں 5 سیڈ گولیرموگارشیا لوپز کو ان سیڈڈ امریکی کھلاڑی سام کیورے نے 6-7 (3/7) ، 6-2 اور6-4 سے مات دے دی،چائنیزتائپے کے لو ین ہوشن نے اطالوی حریف آندریس سیپی کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور 6-4 سے زیر کرلیا، پولینڈ کے جیرزی جینووچ نے ڈیوڈ گوفن کی پیشقدمی ختم کردی، ان کی فتح کا اسکور 6-4 اور 6-2 رہا۔
Load Next Story