کراچی؛ ڈاکو تاجر سے لاکھوں روپے نقد، موبائل، اہم دستاویزات لوٹ کر فرار، فوٹیج سامنے آگئی
فوٹو: ایکسپریس نیوز
کراچی میں نیوٹاؤن کے علاقے زینب آرکیڈ میں دن دہاڑے دو موٹرسائیکلوں پر سوار 3 ڈاکو تاجر سے چند سیکنڈ میں 6 لاکھ 40 ہزار روپے نقد، موبائل فون اور مختلف بینکوں کے کریڈٹ کارڈز سمیت دیگر اہم دستاویزات لوٹ فرار ہوگئے اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیوٹاؤن کے علاقے زینب آرکیڈ میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات رپورٹ ہوئی ہے جہاں دو موٹرسائیکلوں پر سوار 3 ڈاکو مقامی تاجر سے محض چند سیکنڈز میں 6 لاکھ 40 ہزار روپے نقد، موبائل فون، مختلف بینکوں کے کریڈٹ کارڈ اور دیگر اہم دستاویزات لوٹ فرار ہوگئے جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی بھی ایکسپریس نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیوٹاؤن کے علاقے بہادر آباد میں واقعے زینب آرکیڈ کے پارکنگ ایریا سے 3 مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان مقامی تاجر علی روانی سے 6 لاکھ روپے نقد رقم، 12 آئی فون اور اہم دستاویزات چھین کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ تاجر علی روانی کے مطابق وہ زینب آرکیڈ سی پی برار سوسائٹی بلاک 3 شرف آباد کا رہائشی ہے اور طارق روڈ پر واقع نجی بینک کی برانچ سے 6 لاکھ 40 ہزار روپے نکلوا کر اپنی بلڈنگ پہنچا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مسلح ڈاکو ان کے تعاقب میں وہاں پہنچ گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اسلحے کے زور پر چند ہی لمحوں میں نقد رقم، موبائل فون اور دیگر ضروری کاغذات چھین لیے اور موقع سے فرار ہو گئے۔
تاجر کے مطابق ڈاکوؤں نے 38 سیکنڈ میں پوری واردات انجام دی اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ پہن رکھے تھے جو فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ہیڈ محرر نیو ٹاؤن ملک منیب کے مطابق ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
کراچی الیکٹرونک ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے تاجر کے ساتھ دن دیہاڑے ہونے والی اس واردات پر شدید تشویش کا اظہار کیا.
تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے رقم اور موبائل فون برآمد کرے اور شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر مؤثر طور پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔