کراچی؛ فورتھ شیڈول میں شامل کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار
فوٹو: فائل
پاک کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے فورتھ شیڈول میں شامل کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے انتہائی مطلوب مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی مسرور احمد جتوئی کے مطابق ملزم دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں جیل کاٹ چکا ہے اور ضمانت پر رہائی کے بعد سے قانون سے فراری اختیار کیے ہوئے تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت غلام محمد عرف عمر محمد اقبال کے نام سے ہوئی ہے، ملزم تھانہ پاک کالونی میں درج مقدمے کے تحت مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے اور اس کا نام فورتھ شیڈول میں انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل ہے۔
گرفتاری کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملزم کو بوٹ بیسن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے اور ضابطے کی مزید کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔