کراچی: مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 7 زخمی سمیت 10 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی

فوٹو: فائل

کراچی:

مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلوں میں 7زخمی سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی کے علاقے بلدیہ میں الفتح گراؤنڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت جاوید اور آصف کے ناموں سے ہوئی جبکہ دیگر 2 ساتھیوں میں ذاکر اور سہیل نامی ملزمان شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول، متعدد گولیاں اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

 دوسری جانب ضلع ویسٹ کے علاقے نادرن بائی پاس کے قریب گلشنِ معمار تھانے کی حدود میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ زخمی ملزم کی شناخت شہزیب ولد شیر خان جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت امجد ولد انور کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے ملزمان  کے قبضے سے دو پستول، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ ادھر ضلع سی سی سینٹرل میں تھانہ رضویہ پولیس نے ندی کنارہ، جہانگیر آباد، ناظم آباد نمبر ایک کے قریب گشت کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

 ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان گل حسن اور اکرام زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق گل حسن کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول جبکہ اکرام کے قبضے سے نقلی پستول اور  موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ دونوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزم گل حسن کے خلاف ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، پولیس مقابلہ، سرکاری اہلکاروں پر حملہ اور اسلحہ ایکٹ سمیت متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ اکرام بھی ڈکیتی، رہزنی اور اسلحہ ایکٹ کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب رہا ہے۔

 دریں اثنا چھیپا حکام کے مطابق لائنز ایریا میں باغ جناح کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت 36 سالہ سفت جتوئی ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی جبکہ کورنگی کراسنگ اٹک پمپ کے قریب بھی مبینہ  پولیس مقابلے میں 27 سالہ بابر ولد فدا حسین زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Load Next Story