کراچی: پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار زخمی

ہلاک ڈاکو سے اسلحہ ، کار اور دیگر سامان برآمد کیا گیا

شاہ لطیف پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاکر کر دیا ، دیگر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ، ہلاک ڈاکو سے اسلحہ ، کار اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

شاہ لطیف ٹاون پولیس کا اتوار کی الصبح نیشنل ہائی وے گرین پارک سٹی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا فائرنگ کے تبادلے میں ایک 40 سالہ ڈاکو ہلاک ہوگیا ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمی اہلکاروں اور مارے جانے والے ڈاکو کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکاروں میں پولیس کانسٹیبل 40 سالہ غلام عباس ولد غلام رسول اور 38 سالہ کانسٹیبل زبیر احمد ولد مختیار احمد شامل ہیں ، زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسٹڈیم روڈ پر واقعے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایچ او شاہ لطیف انسپکٹر ممتاز مروت نے بتایا کہ مارے جانے والے ڈاکو کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ذریعے اس کی شناخت 40 سالہ قیصر خان ولد افسر خان کے نام سے کی گئی تاہم بائیو میٹرک کے ذریعے شناخت کی تصدیق بھی کی جائے گی ، مارے گئے ڈاکو کے دیگر ساتھی موقع سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ہلاک ہونے والا ملزم کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ایڈریس کے مطابق لانڈھی نیو مظفر آباد کالونی ڈسٹرکٹ ملیر کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق خیبر پخونخواہ ڈسٹرکٹ مردان سے تھا۔

ہلاک ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور سفید کرولا الٹس کار برآمد کی گئی ، برآمد کار سی پی ایل کے ریکارڈ میں کلئیر آرہی ہے ، مزید تحقیقات جاری ہے ۔

Load Next Story