کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کردی ہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔
اسپین کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو میں رونالڈو نے کہا کہ وہ اس ایونٹ کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوگا۔
41 سالہ اسٹار نے کہا کہ جب بھی بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کا وقت آئے گا وہ مطمئن ہوں گے کیونکہ انہوں نے اپنے ملک اور فٹبال کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔
ان کے مطابق وہ صرف جذبے کی خاطر کھیلتے ہیں اور انہیں مزید کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
رونالڈو اس ورلڈ کپ میں اب تک تین گول کر چکے ہیں۔ وہ گروپ مرحلے میں ازبکستان کے خلاف دو گول کرکے چھ مختلف ورلڈکپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے جبکہ کروشیا کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں پنالٹی کے ذریعے اپنے کیریئر کا پہلا ورلڈکپ ناک آؤٹ گول بھی اسکور کیا۔
رونالڈو نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ جذباتی اعتبار سے ان کے لیے سب سے یادگار رہا ہے۔
انہوں نے تنقید کو بھی اپنی ترقی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر تجربے نے انہیں ایک بہتر انسان اور کھلاڑی بننے میں مدد دی ہے۔