کراچی؛ ضلع وسطی میں پولیس مقابلے، 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار

پولیس نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرے مقدمات درج کرلیے

(فوٹو: فائل)

کراچی:

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 زخمی ملزمان سمیت  3افراد کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق تھانہ خواجہ اجمیر نگری کی حدود سیکٹر 4 نارتھ کراچی میں سی پی ایل سی اسکول کے عقب میں دوران گشت پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم حسن زادہ ولد شیر زادہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، دو زندہ راؤنڈ اور ایک موبائل فون برآمد کرلیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود دیر کالونی بلاک یو کے مین روڈ پر رکنے کے اشارے پر نہ رکنے والے ملزمان کو روکنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی۔ اس دوران ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم شاہزل عرف سمت ولد عباس مسیح زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی آصف ولد نصراللہ بھی گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین، 5 زندہ گولیاں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

Load Next Story