قتل کیس میں نامزد پولیس اہلکار فہیم کمانڈو کو عدالت نے ضمانت دیدی
(فوٹو: فائل)
عدالت نے قتل کیس میں نامزد پولیس اہل کار فہیم کمانڈو کو ضمانت دے دی۔
سندھ ہائیکورٹ میں قتل کیس میں نامزد پولیس اہلکار ولید احمد عرف فہیم کمانڈو کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ولید عرف فہیم کمانڈو کی ضمانت منظور کرلی اور ملزم کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
وکیل کے مطابق ملزم کو 23 مئی 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 23 نومبر 2022 کو ملزم پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ پراسکیوشن کی جانب سے 14 گواہان کی فہرست پیش کی گئی تھی۔ کیس میں اب تک صرف 4 گواہان کے بیانات قلم بند ہوئے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ ملزم کا ٹرائل تاخیر کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کے خلاف سہراب گوٹھ تھانے میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم پر 19 سالہ فہیم کے قتل کا الزام ہے جب کہ مدعی مقدمہ کے مطابق مقتول کو سہراب گوٹھ کے علاقے میں مسجد حنیفی نور خان سے باہر لاکر قتل کیا گیا تھا۔