حج میں ناقص انتظامات؛ ڈی جی حج مکہ کی سعودیہ سے پاکستان طلبی

رہائش کے مسائل تھے،حج سے متعلق 12479 شکایات سامنے آئیں، عمارتوں کے مالکان پر 5 لاکھ جرمانہ کیا، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

اسلام آباد:

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے حج میں ناقص انتظامات اور 12 ہزار 479 حاجیوں کو شکایات سامنے آںے پر ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کو سعودیہ عرب سے پاکستان طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطاء الرحمن کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور حکام نے حج 2026ء کے آپریشنز پر بریفنگ دی۔

وزرات حج نے حجاج کو بلڈنگز اور سفری مشکلات کا اعتراف کیا۔ کوآرڈی نیٹر حج مکہ نے کہا کہ رہائش میں کچھ بلڈنگز کے مسائل تھے، حج سے متعلق 12479 شکایات تھیں، عمارتوں کے مالکان پر 5 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ کیا، 155 بی کیٹگری کی عمارتیں تھیں 45 اے کیٹیگری کی بلڈنگز تھیں، حجاج کو سفری سہولیات میں مشکلات تھیں، بعد ازاں حجاج کے لیے اضافی بسیں لگائی گئیں تاکہ آسانی ہو۔

چئیرمین کمیٹی نے کہا کہ بیوروکریسی آئیڈیل سفارشات پیش کرتی ہے مگر زمین حقائق مختلف ہیں۔ رکن حافظ عبدالکریم نے کہا کہ حاجیوں کو مشکلات کا سامنا رہا ڈی جی حج کو مسئلہ بتایا مگر انہوں نے حل نہیں۔

رکن سینیٹر دنیش کمار نے بتایا کہ وزرات کے ناقص انتظامات پر میرے لیے ڈوب مرنے کا مقام تھا، میڈیکل، کھانے اور رہائش کے مسائل تھے، لوگ سونا بیچ کر حج کرنے گئے مگر انتظام نامناسب تھے، وزارت مذہبی امور نے حاجیوں کو لوٹا سہولیات نہیں دیں، کافر ملکوں نے اپنے مسلمان حجاج کو سہولیات دیں، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے پیسے دے کر اپنی سیٹ پکی کی ہوئی ہے، وہ پیسے کی طاقت سے کافی عرصے سے ڈی جی حج مکہ تعینات ہیں، اس بار بھی کھانے کا ٹھیکہ الراجی کمپنی کو دیا گیا، الراجی کمپنی پاکستانی روپے نہیں ریال دیتی ہے اس لیے انہیں ہر بار ٹھیکہ دیا جاتا ہے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کام نہ کرنے کے با وجود ایوارڈ بھی لے جاتا ہے، وہ کئی برس سے سعودی عرب میں کام کرہا ہے، پتہ کیا جائے کہ اس افسر کے پاس کیا ایکسپرٹی ہے جو اتنے برس سے وہاں بیٹھا ہوا ہے، میں بطور چئیرمین کمیٹی وہاں گیا انہوں نے مجھے نہیں پوچھا تو عام حاجی کا کیا حال ہوگا، چئیرمین کمیٹی، میں وہاں سے واپس بھی آگیا ہوں، ابھی تک کسی نے نہیں پوچھا۔

سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ چند حاجیوں کو مسئلہ تھا، میں نے خود عبدالوہاب سومرو کوکال کی لیکن حاجیوں کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔ 

سینیٹر بشری انجم بٹ نے کہا کہ اس بار پھر 95 ہزار حاجیوں کے کھانے کا انتظام الراجی کمپنی کو دیا گیا، حج انتظامات کے حوالے سے وزیراعظم کو مس گائیڈ کیا جاتا ہے، میرے سامنے وزیراعظم کو مس گائیڈ کیا گیا، ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کو کمیٹی میں طلب کیا جائے، ڈی جی حج سے کہیں یا وہ آجائیں، یا ہمیں سعودی عرب بلالیں۔

اجلاس میں کمیٹی ارکان نے ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرکے انہیں کمیٹی میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ آئندہ اجلاس میں عبدالوہاب سومرو کو بلایا جائے۔

Load Next Story