ای چالان کے نفاذ کے بعد کراچی میں حادثات شرح کم اور ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ہے، ڈی آئی جی ٹریفک

دنیا بھر میں ہر سال 10 لاکھ لوگ ٹریفک حادثات میں جانیں گنواتے ہیں، رواں سال حادثات میں 45 فیصد کمی ہوئی ہے، گفتگو

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں ہر سال 10 لاکھ افراد ٹریفک حادثات میں جانیں گنواتے ہیں تاہم ای چالان کے نفاذ کے بعد شہر میں حادثات کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم سیف سٹی منصوبے کا حصہ ہے جس کی مدد سے ٹریفک کے نظام میں بہتری لائی جارہی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ  چالان سسٹم آٹو جنریٹڈ ہے جس میں بعض اوقات غلطیاں ہو جاتی ہیں، جن کے ازالے اور شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے انفرااسٹرکچر بہتر بنایا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ برس جاری کیے گئے دستی چالانوں کے مقابلے میں اس سال ای چالان کی تعداد کم ہے تاہم ای چالان سسٹم اور لین مارکنگ کی بدولت ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چوتھی لین میں جانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای چالان سے متعلق شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جلد نئی پالیسی بنائی جائے گی۔

۔پیر محمد شاہ نے کہا کہ شہر میں چنگچی رکشوں کو مین شاہراہوں سے ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جلد کراچی میں ہر قسم کے رکشے پر پابندی عائد کی جائے گی اور صرف وہی رکشہ سڑک پر چل سکے گا جس میں میٹر نصب ہوگا۔

ٹریفک حادثات حادثات کا ذکر کرتے ہوئے پیر محمد شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال 10 لاکھ افراد روڈ حادثات میں جانیں گنواتے ہیں، کراچی میں گزشتہ برس ہیوی ٹریفک کے باعث 164 اموات ہوئیں تھیں جن میں رواں برس 45 فیصد کمی آئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید بتایا کہ کراچی میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے "کراچی ٹریفک مینجمنٹ کمپنی" قائم کی جا رہی ہے۔

پیر محمد شاہ نے بتایا کہ شہر میں 45 ہزار سے زائد ایسی گاڑیاں ہیں جو مالکان کے نام پر نہیں چلائی جا رہیں، ایسی متعدد گاڑیوں کو پکڑا گیا ہے جبکہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو فوری طور پر تھانے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو دی جانے والی اسکوٹیز کے لیے ٹریفک پولیس نے مفت ڈرائیونگ ٹریننگ کا بندوبست کیا تاکہ خواتین محفوظ طریقے سے گاڑی چلا سکیں۔

Load Next Story