امریکا نے ایران کو روس اور چین سے ملانے والے ریلوے پل کو میزائل حملے میں تباہ کردیا
امریکا نے ایران میں اس پل کو تباہ کردیا جو چین اور روس سے ملاتا تھا
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی جب امریکی فوج نے پہلی بار ایران کے اہم ریلوے انفراسٹریکچر کو نشانہ بنایا۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق شمالی ایران کے صوبہ گلستان میں واقع ایک ایسے ریلوے پُل کو نشانہ بنایا گیا ہے جو چین اور روس سے تجارتی راہداری کے باعث خاص اہمیت کی حامل تھی۔
حملے کے بعد تہران اور مشہد کے درمیان ٹرین سروس معطل ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ ایران ریلوے نے متاثرہ حصے کی مرمت کے لیے انجینئرنگ ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ مسافروں کو متبادل زمینی ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی نے رپورٹ میں بتایا کہ اوگتائے خان پل اس ریلوے لائن کا حصہ ہے جو ایرانی صوبے گلستان سے ترکمانستان، قازقستان اور پھر چین تک جاتی ہے۔ یہی راہداری روس اور ایران کے درمیان مال برداری کے لیے بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس خلیج فارس میں امریکی ناکہ بندی اور بندرگاہی سرگرمیوں میں رکاوٹ کے بعد اس زمینی ریلوے راستے کی اہمیت مزید بڑھ گئی تھی کیونکہ ایران نے اپنی تجارت کا بڑا حصہ اسی راہداری کے ذریعے چین اور روس کی جانب منتقل کرنا شروع کر دیا تھا۔
امریکا کا یہ حملہ فروری سے جاری جنگ میں پہلا ایسا حملہ تھا جس میں ایران کے کسی فوجی اڈے یا عسکری تنصیبات کے بجائے شہری انفرا اسٹریکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ حال ہی میں صدر ٹرمپ نے ایسا کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران یہ پہلا موقع ہے جب امریکا نے فوجی تنصیبات کے بجائے اہم ریلوے پل پر حملہ کیا ہے۔ اس سے قبل امریکی کارروائیاں زیادہ تر میزائل اڈوں، فضائی دفاعی نظام، فوجی تنصیبات اور عسکری مراکز تک محدود رہی تھیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکا اب ایران کی عسکری صلاحیت کے ساتھ ساتھ اس کے لاجسٹک اور تجارتی نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنانے کی حکمت عملی اختیار کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ دباؤ بنائے رکھے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے ریلوے پلوں پر حملوں کو شہری انفرااسٹرکچر پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسے جنگی جرم اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ امریکا نے جنوبی ساحلی علاقوں اور مشرقی ایران میں ریلوے پلوں کو نشانہ بنا کر نہ صرف شہری تنصیبات بلکہ بین الاقوامی تجارتی راہداری کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب نے الزام لگایا کہ امریکہ نے یہ حملے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے موقع پر عالمی توجہ ہٹانے کے لیے کیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے حالیہ کارروائیوں میں ایران کے مختلف علاقوں میں درجنوں اہداف کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے تاہم اس نے ریلوے پل پر حملے یا اوگتائے خان پل کو نشانہ بنانے کے ایرانی دعوے پر باضابطہ طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔