کراچی: دسویں جماعت سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان، 80.87 فیصد امیدوار کامیاب

35529 طلباء نے اے ون، 51022 نے اے گریڈ، 34910 نے بی گریڈ، 17153 طلباء نے سی گریڈ حاصل کیا

کراچی:

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے دسویں جماعت برائے سال 2026ء کے سالانہ امتحانات سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا۔

سندھ میں واحد میٹرک بورڈ کراچی ہے جس نے سب سے پہلے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ یہ نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔ بورڈ کی جانب سے باقاعدہ تقریب کا اہتمام بورڈ کے کانفرنس ہال میں کیا گیا تھا جس میں دہم جماعت سائنس گروپ اور سماعت و گویائی سے محروم خصوصی طلبہ میں پوزیشنز حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

چیئرمین بورڈ پروفیسر مشرف علی راجپوت، سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد اور ناظم امتحانات احمد خان چھٹو اور دیگر نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے سائنس و جنرل گروپ اور خصوصی طلباء و طالبات کے امیدواروں میں پہلی پوزیشن کو دو لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار کو ایک لاکھ روپے کے کیش ایوارڈز، میرٹ سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ سائنس گروپ میں فیلکن ہاؤس گرامر اسکول نارتھ کراچی کے محمد اذلان سید ولد معراج احمد رول نمبر 302596 نے 94.55فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن، ایپکس اسکول ماڈل کالونی کی ریجا کامران بنت کامران احمد رول نمبر 457856 نے 94.00 فیصد نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن جبکہ عثمان پبلک اسکول کیمپس 1 نارتھ کراچی کی عائشہ عدنان بنت سید محمد عدنان سلیم رول نمبر 427075 نے 93.91 فیصد نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ناظم امتحانات احمد خان چھٹو نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے اس سال سائنس گروپ کے امتحانات میں 176152 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 175200 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 952 غیر حاضر رہے جب کہ 29655امیدوار فیل قرار پائے۔

سائنس گروپ کے امتحانات میں 91481طلباء اور 84671 طالبات شامل ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 80.87فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 35,529اے ون گریڈ،51,022  اے گریڈ،34,910بی گریڈ،17,153 سی گریڈ، 3060ڈی گریڈاور14 نے ای گریڈ حاصل کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بورڈ نے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں اس تقریب میں شریک ہوں، تعلیمی نظام کی بہتری میں تعلیمی بورڈز کا اہم کردار ہے، طلباء و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اساتذہ کرام اوروالدین اہم کردار ادا کرتے ہیں، جن طلباء و طالبات نے پوزیشن حاصل کی ہے ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہی طلباء آنے والے طالب علموں کیلئے مشعل راہ ہیں، پوزیشن ہولڈرز امیدوار دوسرے تمام امیدواروں کے لئے قابل تقلید ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نتائج کی تیاری میں اساتذہ کرام، بورڈ ملازمین نے دن رات محنت کر کے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ 

Load Next Story