حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے گلے ایک ہفتے کے لیے ہوگا

فائل

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا اور پیڑولیم ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پاکستان نے اگلے ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے اور اس کا اطلاق 11 جولائی 2026 سے اگلے ہفتے کے لیے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے 18 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد فی لیٹر قیمت 297 روپے 53 پیسے سے بڑھ کر 310 روپے 71 پیسے ہوگئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 13 روپے 80 پیسے اضافے کے بعد 309 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر323 روپے 30 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت نے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 13 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے ایک ہفتے کے لیے ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 97 پیسے کمی کردی تھی۔

حکومت نے 4 جولائی کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک روپے 97 پیسے کی کمی کے بعد 297 روپے 53 پیسے مقرر کی تھی جبکہ اس سے قبل 299 روپے 50 پیسے تھی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی ایک روپے 97 پیسے کم کرکے فی لیٹر 309 روپے 50 پیسے ہوگئی تھی، حکومت نے اس سے قبل ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 311 روپے 47 پیسے مقرر کی تھی۔

متعلقہ

Load Next Story