ایف آئی اے کی جانب سے 39 ہزار سے زائد مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کا انکشاف
کراچی میں امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا. فوٹو؛ فائل
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے تین سالوں کے دوران 39 ہزار 786 مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوزکو دستیاب دستاویزات میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے گزشتہ تین سالوں میں مختلف شہریوں کو بیرون ممالک سفر سے روکنے یا آف لوڈ کرنے کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔
ایف آئی اے کی دستاویزات کے مطابق 2023 میں لیبیا کشتی حادثے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے سخت اسکروٹنی کی ہدایت کی تھی جس کے بعد ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس اسکروٹنی کے عمل کے دوران ایف آئی اے نے مختلف ایئرپورٹس سے 39ہزار 786شہریوں کو آف لوڈ کیا، جن میں سے20 ہزار 408 کو ضروری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے آف لوڈ کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق یہ ایسے لوگ تھے جن کے پاس ان کے سفرکیلئے مطلوبہ دستاویزات مکمل نہیں تھیں، اسی طرح لو پروفائل اور مشکوک ٹریول پلان کی وجہ سے 12,673 لوگوں کو آف لوڈکیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ ایسے لوگ ہیں جن کے مالی حالات ایسے نہیں لگ رہے تھے کہ وہ سفرکریں مثال کے طورپر کئی ایسے لوگ بھی تھے جو کہیں یومیہ اجرت یا مزدوری کرتے ہیں اور پہلے کبھی کسی ملک کا سفرنہیں کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ایسے افراد کا عمرہ ادائیگی، ترکیہ، دبئی یا تھائی لیںڈ سیر کیلیے جانے پر شکوک و شبہات تھے جس کی وجہ سے انہیں روانگی سے روکا گیا۔
دستاویز کے مطابق اسی طرح ایف آئی اے نے 3450 لوگوں کو آف لوڈ کیا، جن کے نام اسٹاپ لسٹ میں تھے یا پھر انٹرپول نے ان کے سفر کرنے پر قدغن لگارکھی تھی۔
دستاویزات کے مطابق ایف آئی اے نے غلط سفری روٹ ہونے کی وجہ سے 505 لوگوں کو آف لوڈ کیا،اسی طرح جعلی دستاویزات ہونے کی وجہ سے مختلف ایئرورٹس سے 281 لوگوں کو آف لوڈ کیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ ایسے لوگ تھے جن کے پاس جعلی ویزہ تھا یا اگرویزہ اصلی تھا تو ان کی نوکری کا اجازت نامہ جعلی تھا یا ایسی ہی کوئی دستاویز جعلی تھی۔
ایکسپریس نیوزکو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف آئی اے نے غیرمطمئن (Irregular Travel HIstory)ٹریول ہسٹری کی بنیاد پر 176 لوگوں کو آف لوڈ کیا جبکہ دستاویزات کی تصدیق کیلئے 145 لوگوں کو آف لوڈ کیا گیا۔
کم عمری کی بنیاد پر 258 لوگوں کو آف لوڈ کیاگیا، جبکہ وزٹ ویزے پر نوکری کی تلاش میں جانے والے 24 مسافروں کو بیرون ملک روانگی سے روکا گیا۔