پنجاب یونیورسٹی کے ایک شعبے کی عمارت میں پرائیویٹ مرغیاں پالنے کا انکشاف

شعبہ الیکٹریکل میں پرائیوٹ مرغیاں رکھنے کی اجازت نہیں دی تاہم معاملے کو دیکھیں گے، ترجمان پنجاب یونیورسٹی

فوٹو: ایکسپریس

پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کی سرکاری عمارت میں پرائیوٹ مرغیاں پالنے کا انکشاف ہوا جہاں مبینہ طور پر شعبے کے ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے ڈائریکٹر نے ادارے کی چھت اور لان میں مرغیاں پال لیں ہیں اور مرغیوں کے لیے سرکاری عمارت کی چھت پر دڑبے بنوا دیے ہیں۔

اسی طرح مرغیوں کو لان میں محفوظ رکھنے کے لیے 5 لاکھ روپے کا جنگلہ لگانے کا بھی انکشاف ہوا ہے اور لان میں جنگلہ لگانے سے ادارے کے طلبا و طالبات کو مرکزی لائبریری جانے کا راستہ رک گیا۔

مزید بتایا گیا کہ پرائیوٹ مرغیوں کی دیکھ بھال کے لیے شعبے کے سرکاری ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں اور گرمی میں مرغیوں کو چھت سے شعبہ الیکٹریکل کی عمارت کے ہال میں بھی شفٹ کر دیا گیا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا کہ شعبہ الیکٹریکل میں پرائیوٹ مرغیاں رکھنے کی اجازت نہیں دی تاہم معاملے کو دیکھیں گے۔

شعبے کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ طالبات کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کے لیے مرغیاں رکھی ہیں جبکہ قدرتی ماحول کی فراہمی کے لیے مستقبل میں مزید پرندے رکھیں گے۔

Load Next Story