ببل ریپ کے بلبلے پھوڑنے میں لطف کیوں آتا ہے؟ ماہرینِ نفسیات نے وجہ بیان کردی

ہر مرتبہ ایک بلبلہ پھوٹنے پر دماغ کو ایک معمولی کامیابی کا احساس ہوتا ہے

بلبلہ دار پلاسٹک (ببل ریپ) کے ہوا بھرے چھوٹے چھوٹے بلبلے دبا کر پھوڑنا بہت سے لوگوں کی پسندیدہ عادت ہے۔ عام طور پر اسے محض وقت گزاری یا بچگانہ مشغلہ سمجھا جاتا ہے، تاہم ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے انسانی دماغ اور نفسیات سے جڑی دلچسپ وجوہات کارفرما ہوتی ہیں، جو ذہنی دباؤ کم کرنے اور سکون کا احساس پیدا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق جب کوئی شخص ببل ریپ کے بلبلے پھوڑتا ہے تو اسے بیک وقت چھونے، آواز سننے اور بلبلے کے غائب ہونے جیسے کئی حسی تجربات حاصل ہوتے ہیں۔ یہی متواتر اور قابلِ پیش گوئی ردعمل دماغ کو پرسکون بناتا ہے، ذہنی یکسوئی میں اضافہ کرتا ہے اور تناؤ میں کمی کا باعث بنتا ہے۔

دی اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ہر مرتبہ ایک بلبلہ پھوٹنے پر دماغ کو ایک معمولی کامیابی کا احساس ہوتا ہے، جس سے خوشی اور اطمینان سے وابستہ اعصابی نظام متحرک ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے افراد اس عمل کو نہایت خوشگوار اور اطمینان بخش محسوس کرتے ہیں اور بار بار اسے دہرانا پسند کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے سادہ اور بار بار دہرائے جانے والے کام، جیسے ببل ریپ کے بلبلے پھوڑنا، اسٹریس بال دبانا یا بُنائی کرنا، ذہنی دباؤ میں کمی، توجہ میں بہتری اور روزمرہ کی مصروفیات سے وقتی ذہنی فراغت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

نفسیات دان ڈینیل برلائن کے نظریے کے مطابق اگرچہ ہر بلبلہ پھوٹنے کا نتیجہ پہلے سے معلوم ہوتا ہے، لیکن ہر بار اس کی توقع اور پھر اس کی تصدیق دماغ کو متحرک رکھتی ہے، جس سے دلچسپی برقرار رہتی ہے۔ اسی طرح کھیل اور انسانی رویوں کے ماہر اسٹیورٹ براؤن کا کہنا ہے کہ ہلکی پھلکی تفریحی سرگرمیاں صرف بچوں ہی کے لیے نہیں بلکہ بالغ افراد کی ذہنی صحت اور مثبت جذبات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

رپورٹ میں سیلف ڈیٹرمینیشن تھیوری کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس کے مطابق انسان بعض سرگرمیوں میں صرف اس لیے مشغول ہوتا ہے کہ وہ اسے اندرونی طور پر خوشی اور اطمینان فراہم کرتی ہیں، نہ کہ کسی بیرونی انعام یا فائدے کی خاطر۔

ماہرین کے مطابق ببل ریپ کے بلبلے پھوڑنے کا شوق کسی قسم کی غیر سنجیدگی یا ناپختگی کی علامت نہیں بلکہ ایک بے ضرر عادت ہے، جو ذہنی سکون، جذباتی توازن اور وقتی تناؤ سے نجات حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

Load Next Story