بلاول بھٹو انتخابی مہم کے لیے مظفر آباد پہنچ گئے

وہ جلسوں سے خطاب کریں گے اور پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور پیش کریں گے

اسلام آباد:

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے لیے مظفر آباد پہنچ گئے، وہ جلسوں سے خطاب کریں گے اور پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور پیش کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سینئر رہنماء پیپلز پارٹی چوہدری محمد ریاض، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان بھی تھے۔

اس سے پہلے جب بلاول بھٹو زرداری کوہالہ پل سے مظفرآباد کی حدود میں داخل ہوئے تو قائم مقام صدر آزاد کشمیر و اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، میاں عبدالوحید سید بازل علی نقوی، سردار جاوید ایوب، مختار عباسی، دیوان چغتائی، اشفاق ظفر، مبشر منیر اعوان سمیت دیگر ٹکٹ ہولڈرز، پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا۔

بلاول کو سیکڑوں گاڑیوں کے جلوس میں دارالحکومت پہنچایا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے- بلاول اپنے دورہ مظفرآباد کے دوران پونچھ ڈویژن اور مظفر آباد ڈویژن کے امیدواروں اور رہنماوٴں سے ملاقاتیں کریں گے اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر مشاورت بھی کریں گے۔

پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے چییرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور صدور کے علاوہ اور مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی اضلاع کے پارٹی صدور بھی شرکت کی۔ ادھر مظفر آباد پہنچنے پر وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے رفقاء کے ساتھ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔

چیئرمین بلاول آزاد جموں و کشمیر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری ریاستی انتخابات تک آزاد جموں و کشمیر میں قیام کریں گے۔ آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں انتخابی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے عوام کے سامنے پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور پیش کریں گے۔

Load Next Story