شادی سے انکار پر ناکام عاشق نے خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگادی
والٹن روڈ پر شادی سے انکار پر ایک ناکام عاشق نے خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر اُسے آگ لگا دی۔
واقعے کے دوران ملزم خود بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گیا، جس کے بعد متاثرہ خاتون اور زخمی ملزم دونوں کو جناح اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جناح اسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خاتون سے ملاقات کرکے اس کی خیریت دریافت کی اور اسے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایم ایس، ڈاکٹرز اور اسپتال انتظامیہ سے متاثرہ خاتون کے علاج سے متعلق بریفنگ بھی لی۔
حنا پرویز بٹ نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو ہر قسم کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ فیکٹری ایریا میں درج کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ متاثرہ خاتون اپنے 4 سالہ بیٹے کو مدرسے میں داخل کروانے کے لیے لے کر جا رہی تھی۔ گلی میں پہنچنے پر ملزم نے اسے روک کر تنگ کرنا شروع کر دیا۔ خاتون کے شور مچانے پر ملزم نے اس پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں خاتون کے چہرے، بال اور جسم کے مختلف حصے جھلس گئے۔
حنا پرویز بٹ کے مطابق ملزم پہلے بھی 2 شادیاں کر چکا تھا اور اس کی دونوں بیویاں ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھیں۔ بیویوں کی ناراضی کے بعد ملزم نے اپنی پڑوسی خاتون سے دوستی کی اور 3 بچوں کی ماں کو خلع لے کر اس سے شادی کرنے کا مطالبہ کیا۔ خاتون کے انکار پر ملزم طیش میں آ گیا اور اس نے خاتون کو آگ لگا دی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا، دباؤ ڈالنا یا شادی کے لیے مجبور کرنا ناقابل برداشت جرم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح پیغام ہے کہ خواتین ہماری ریڈ لائن ہیں، خواتین پر تشدد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کو قانونی، طبی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ خواتین پر تشدد اور ہراسگی میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔