دہشت گردوں نے اے ایس ایف انسپکٹر سمیت 4 مغوی اہلکاروں کو قتل کردیا، شعبان سے لاشیں برآمد
دہشت گردوں کی جانب سے اغوا کیے گئے اے ایس ایف انسپکٹر اور سابق سی ٹی ڈی اہل کار سمیت چار افراد کی لاشیں مل گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی ابتدائی شناخت مکمل کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی، سابق سی ٹی ڈی کارپورل سید خلیل الرحمٰن، پاک فوج کے (ر) حوالدار صادق اور مانگی ڈیم سے مبینہ طور پر اغوا ہوئے پولیس کانسٹیبل فرید شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں قانونی تقاضے اور شناخت کے عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ اے ایس ایف انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی 21 جون کو اپنے دوست سابق سی ٹی ڈی کارپورل سید خلیل الرحمٰن کے ہمراہ جناح ٹاؤن کے علاقے کلی برات میں واقع اپنے گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہوگئے تھے، جن کی بازیابی کے لیے مختلف اداروں کی جانب سے تلاش جاری تھی۔
دوسری جانب پولیس کانسٹیبل فرید کو کچھ عرصے قبل مانگی ڈیم سے مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ ریٹائرڈ حوالدار صادق بھی لاپتا افراد میں شامل تھے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے تاحال واقعے کی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔