تمام مسلمانوں کو قتل کردینا چاہتا ہوں؛ امریکا میں مسلم ورکر پر حملہ کرنے والا گرفتار
امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک مسلمان شخص پر چاقو سے ہونے والے نفرت انگیز قاتلانہ حملے نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
امریکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ ویسٹ ویلی سٹی میں پیش آیا جہاں ملزم نے ایک مسلمان شخص پر اچانک حملہ کر دیا اور اس پر تقریباً 15 مرتبہ چاقو کے وار کیے۔
اس حملے کے نتیجے میں مسلم شخص شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ہی حملہ آور کو حراست میں لے لیا جس کی عمر 48 سال بتائی جاتی ہے۔ ملزم نے پولیس سے یہ بھی کہا کہ وہ سب مسلمانوں کو قتل کردینا چاہتا ہے۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس نے متاثرہ شخص کو اس کے مذہب کی بنیاد پر قتل کرنے کا ارادہ کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے اور حملے کے محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات یا ویڈیو موجود ہو تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔
امریکی مسلم تنظیموں، بشمول کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر مذہبی تعصب ثابت ہو جائے تو ملزم کے خلاف نفرت پر مبنی جرم کی دفعات بھی شامل کی جائیں۔
مسلم تنظیموں کا کہنا ہے کہ امریکا میں مسلمانوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات میں حالیہ برسوں کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث متاثرہ برادریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔